ابوظہبی (جانب منزل نیوز )متحدہ عرب امارات کی عالمی توانائی کمپنی ایکس آر جی (XRG) نے بین الاقوامی توانائی مارکیٹ میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے آسٹریلیا کے معروف نارتھ ویسٹ شیلف ایل این جی منصوبے میں شیل (Shell) کا حصہ خریدنے کا معاہدہ کر لیا۔ اس تاریخی ڈیل کی مالیت 1.45 ارب ڈالر تقریباً 5.3 ارب درہم ہے، جسے امارات کی عالمی سرمایہ کاری حکمت عملی میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
معاہدے کے تحت ایکس آر جی، شیل کا 16.67 فیصد حصہ حاصل کرے گی۔ یہ آسٹریلیا میں کمپنی کی پہلی مائع قدرتی گیس (LNG) سرمایہ کاری ہے، جس سے عالمی توانائی کے شعبے میں اس کے کاروباری دائرہ کار کو نئی وسعت ملے گی۔ معاہدے کی تکمیل 2027 میں متوقع ہے، تاہم اس کے لیے متعلقہ حکام کی منظوری ضروری ہوگی۔
نارتھ ویسٹ شیلف آسٹریلیا کا پہلا ایل این جی منصوبہ ہے، جو گزشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصے سے توانائی کی پیداوار اور برآمدات میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ منصوبے کی سالانہ گیس مائع بنانے کی صلاحیت 14.3 ملین ٹن ہے، جبکہ باقی قدرتی گیس کے ذخائر تقریباً 4.4 ٹریلین مکعب فٹ کے مساوی ہیں۔
ایکس آر جی انٹرنیشنل گیس کے صدر محمد العریانی کا کہنا ہے کہ نارتھ ویسٹ شیلف منصوبہ آسٹریلیا کی معیشت، توانائی کے تحفظ اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی ایسی طویل مدتی سرمایہ کاری پر یقین رکھتی ہے جو مقامی توانائی کی ضروریات پوری کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، علاقائی توانائی کے تحفظ اور پائیدار اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو۔
ایکس آر جی مکمل طور پر ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ADNOC) کی ملکیت ہے اور اس کی مجموعی کاروباری مالیت 150 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس منصوبے میں ووڈ سائیڈ، شیورون، بی پی، ایم آئی ایم آئی اور سی این او سی بھی شراکت دار ہیں۔





