دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں 3 نومبر کو یومِ پرچم بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ملک بھر میں پرچم کشائی کی خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں اعلیٰ قیادت، طلبہ اور شہریوں نے شرکت کرکے قومی پرچم سے محبت، وفاداری اور اتحاد کا اظہار کیا۔
شارجہ کے فلیگ آئی لینڈ پر طلبہ نے قومی پرچم لہرا کر ایک خوبصورت اور پُرجوش منظر پیش کیا۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے سبز، سفید، سیاہ اور سرخ رنگوں سے مزین قومی پرچم کے ساتھ شرکت کی، جبکہ تقریب میں قومی فخر اور یکجہتی کا پیغام نمایاں رہا۔
یومِ پرچم متحدہ عرب امارات کی قومی شناخت، اتحاد اور ملک و قیادت سے وفاداری کے اظہار کا اہم موقع ہے۔ ہر سال یہ دن شہریوں کو قومی اقدار سے وابستگی اور وطن سے محبت کے جذبات تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
امارات کی مختلف ریاستوں میں منعقدہ تقریبات میں طلبہ، شہریوں اور کمیونٹی ارکان نے بھرپور حصہ لیا۔





