دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ایک مرتبہ پھر عالمی فضائی سفر کے میدان میں اپنی برتری ثابت کردی۔ نومبر 2026 کے لیے 89 لاکھ 40 ہزار بین الاقوامی نشستوں کی گنجائش کے ساتھ دبئی دنیا کے مصروف ترین بین الاقوامی ایئرپورٹس کی فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان ہے۔
ایوی ایشن ڈیٹا فراہم کرنے والے عالمی ادارے او اے جی کی تازہ رپورٹ کے مطابق دبئی ایئرپورٹ سے نومبر کے دوران 44 لاکھ 70 ہزار نشستیں روانہ ہونے والی بین الاقوامی پروازوں کے لیے مختص کی گئی ہیں، جبکہ آمد و روانگی دونوں کو شامل کیا جائے تو مجموعی تعداد 89 لاکھ 40 ہزار بنتی ہے۔
دبئی نے عالمی مقابلے میں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کو تقریباً 6 لاکھ 80 ہزار نشستوں کے بڑے فرق سے پیچھے چھوڑ دیا۔ لندن ہیتھرو 37 لاکھ 90 ہزار نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ جنوبی کوریا کا انچیون ایئرپورٹ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
سنگاپور کا چانگی اور ایمسٹرڈیم کا شیفول ایئرپورٹ بھی عالمی ٹاپ فائیو میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں دبئی ایئرپورٹ کی شیڈول نشستوں میں 16 فیصد کمی کے باوجود عالمی نمبر ون پوزیشن برقرار رہنا دبئی کے مضبوط فضائی نیٹ ورک اور بین الاقوامی اہمیت کا نمایاں ثبوت ہے۔
ایمریٹس اور فلائی دبئی سمیت عالمی فضائی کمپنیوں کے وسیع نیٹ ورک نے دبئی کو ایشیا، یورپ، افریقہ اور امریکا کے درمیان ایک اہم فضائی پل بنا دیا ہے، جہاں سے دنیا بھر کے مسافر اپنی منزلوں تک سفر کرتے ہیں۔





