دوحہ (جانب منزل نیوز) قطر نے پاکستانی شہریوں کے لیے 30 روزہ سیاحتی ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ ویزے کی مدت میں مزید 30 دن کی توسیع بھی ممکن ہوگی، تاہم اس کے لیے متعلقہ شرائط پوری کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
قطری حکام کے مطابق ویزا حاصل کرنے والے پاکستانی مسافروں کے پاس کم از کم 5 ہزار قطری ریال یا مساوی رقم کا کریڈٹ کارڈ ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ کنفرم واپسی کا ٹکٹ اور کم از کم 6 ماہ کی مدت والا پاسپورٹ لازمی ہوگا۔
پاکستان سے براہِ راست قطر پہنچنے والے مسافروں کو پولیو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی ساتھ رکھنا ہوگا، جبکہ ہوٹل کی بکنگ Discover Qatar کے ذریعے کرانا ضروری ہے۔
قطر سفر کرنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے کم از کم ایک ماہ کی ہیلتھ انشورنس لازمی قرار دی گئی ہے، جس کی لاگت 50 قطری ریال مقرر ہے۔ انشورنس کی رسید اور سرٹیفکیٹ سفری دستاویزات کے ساتھ رکھنا ضروری ہوگا۔
حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دوحہ پہنچنے پر مسافروں کو امیگریشن کاؤنٹر سے پہلے Discover Qatar کے ڈیسک پر دستاویزات کی تصدیق کرانا ہوگی، جس کے بعد امیگریشن، بائیومیٹرک اور دیگر مراحل مکمل کیے جائیں گے۔
قطری حکام کے مطابق ویزے کی مدت ہوٹل کی بکنگ کے دورانیے کے مطابق کم بھی ہوسکتی ہے، جبکہ توسیع متعلقہ شرائط سے مشروط ہوگی۔ کاروباری ویزے صرف منظور شدہ کمپنیوں کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔





