سیالکوٹ (جانب منزل نیوز) سیالکوٹ پولیس نے مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 2 افراد کےجاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے پر ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پتلو سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر کے 6 افراد کو گرفتار کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ مسٹر پتلو سمیت دیگر ملزمان مفرور ہیں، جن کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔
ایف آئی آر میں مسٹر پتلو سمیت نو نامزد ملزمان جبکہ 45 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس میں قتل بالسبب، سرکاری احکامات کی خلاف ورزی، توڑ پھوڑ، اشتعال انگیز اور غیر قانونی اجتماع کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
واقعے میں زخمی ھونے والا ایک اور شخص اتوار کو جان کی بازی ہار گیا۔ سیالکوٹ پولیس کے مطابق زخمی ریحان کو تشویشناک حالت پر لاھور ریفر کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ھوئے آج ہلاک ہو گیا۔
پولیس کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق سنیچر کی شام ڈسکہ روڈ پر واقع فراز کرکٹ گراؤنڈ میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب جاری تھی اور اُنھوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے موٹر سائیکلوں اور کار سمیت دیگر انعامات کا لالچ دے کر لوگوں کو مدعو کر رکھا تھا، جس پر کثیر تعداد میں لوگ وہاں جمع ہو گئے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس دوران مسٹر پتلو نے سٹیج پر آ کر اعلان کیا کہ تمام لوگ فوری طور پر گراؤنڈ میں آ جائیں، جس پر لوگوں نے یکدم اندر جانے کی کوشش کی جس سے بھگدڑ مچ گئی اور عقیل نامی شخص موقع پر جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد فوری بعد ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹیڈیم کے باہر بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں اور وہ اچانک گراؤنڈ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں جس پر وہاں موجود سکیورٹی گارڈز اُن کا راستہ روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس دوران سکیورٹی پر مامور افراد لوگوں پر لاٹھی چارج بھی کرتے ہیں اور انھیں واپس باہر دھکیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔
پولیس کے مطابق شادی کی تقریب میں عام لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے مسٹر پتلو کی ٹیم کی طرف سے سوشل میڈیا پر یہ مشتہر کیا گیا کہ مہندی کی تقریب میں عام لوگوں میں دو کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے، اس کے علاوہ ایک کار، 50 موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور کئی دیگر بیش قیمت تحائف کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔
سیالکوٹ کے علاوہ اردگرد کے اضلاع گوجرانوالہ، گجرات، وزیر آباد، منڈی بہاؤ الدین اور نارووال سے بھی لوگوں کی بڑی تعداد فراز سٹیڈیم میں مقررہ وقت سے کافی پہلے پہنچ چکی تھی۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کو مہندی کی تقریب ڈسکہ روڈ پر واقع فراز سپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کے لیے اجازت نامہ جاری کیا تھا، لیکن بعدازاں شرائط کی خلاف ورزی پر اسے منسوخ کر دیا گیا تھا۔





