دبئی ( جانب منزل نیوز) امارات میں مقیم بھارتی شہری اور ایوی ایشن کے شوقین ارون راجگوپال نے اپنے منفرد شوق کو نئی جہت دے دی۔ انہوں نے دبئی میں اپنے اپارٹمنٹ کے ایک حصے کو ایئر بس اے 380 کے لگژری کیبن میں تبدیل کر دیا، جہاں بیٹھ کر انہیں جہاز میں سفر جیسا ماحول محسوس ہوتا ہے۔
ارون راجگوپال اب تک ایئر بس اے 380 پر 224 مرتبہ سفر کر چکے ہیں۔ وہ تقریباً 11 لاکھ 60 ہزار کلومیٹر فضائی سفر کر چکے ہیں اور 97 مختلف اے 380 طیاروں میں پرواز کا تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کے سفر کا دائرہ چھ براعظموں کے 59 مقامات تک پھیلا ہوا ہے۔
ارون نے اپنے گھر میں اتحا ایئرویز کے اے 380 طیارے میں موجود خصوصی لگژری سوئٹ ’’دی ریزیڈنس‘‘ کے رہائشی حصے کی طرز پر نشستیں، سلائیڈنگ دروازے، تفریحی اسکرین اور دیگر لوازمات نصب کیے ہیں۔
اس منصوبے کی تیاری میں تقریباً ایک سال لگا، جبکہ کیبن کی تنصیب صرف ایک روز میں مکمل ہوئی۔ متحدہ عرب امارات کی کمپنی ونگز کرافٹ نے طیارے کے پرزوں اور اندرونی سامان کو بحال کرکے اس منفرد منصوبے کو عملی شکل دی۔
ارون کا فضائی سفر سے لگاؤ سات برس کی عمر میں پہلی پرواز کے بعد شروع ہوا۔ بچپن میں وہ بورڈنگ پاسز اور دورانِ پرواز رسالے جمع کیا کرتے تھے۔ 2009 میں پہلی مرتبہ اے 380 پر سفر کیا اور آج اس طیارے کے تقریباً 40 فیصد فراہم کردہ یونٹس پر پرواز کا تجربہ رکھتے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ ان کے لیے منزل سے زیادہ سفر اہم ہے۔ پرواز کے دوران فلمیں دیکھنے کے بجائے وہ طیارے کے بیرونی کیمروں، نقشے اور پرواز کے مختلف مراحل کو دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
راجگوپال اب تک 61 افتتاحی پروازوں میں شریک ہو چکے ہیں، جن میں 49 اے 380 کی پروازیں شامل ہیں۔ ان کا اگلا ہدف 100 مختلف اے 380 طیاروں میں سفر اور 50ویں افتتاحی اے 380 پرواز مکمل کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سفر کے دوران بہترین تجربہ صرف لگژری نشستوں یا کھانے سے نہیں بلکہ عملے کی خوش اخلاقی اور بہترین خدمت سے بھی وابستہ ہوتا ہے۔





