ابوظہبی (اسپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر بریٹ لی نے بھارتی کرکٹ اسٹار سچن ٹنڈولکر کی غیرمعمولی بیٹنگ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے نوجوان بھارتی بیٹر ویبھو سوریاونشی کے خلاف بولنگ کی حکمت عملی پر بھی اظہارِ خیال کیا ہے۔
گلف نیوز کو ابوظہبی کے یاس آئی لینڈ میں انٹرویو دیتے ہوئے بریٹ لی نے متحدہ عرب امارات کو کرکٹ اور بین الاقوامی کھیلوں کا ابھرتا ہوا مرکز قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای میں کھیلوں کے فروغ، مختلف ثقافتوں کے امتزاج اور محفوظ ماحول نے انہیں اپنے خاندان کے ساتھ یہاں سکونت اختیار کرنے کی جانب راغب کیا۔
ویبھو سوریاونشی کے خلاف بولنگ سے متعلق سوال پر بریٹ لی نے کہا کہ کسی بھی بیٹر کے نام اور شہرت سے متاثر ہونے کے بجائے اس کی تکنیک اور کمزوریوں پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کے مطابق ہر بیٹر میں کوئی نہ کوئی خامی ہوتی ہے اور ایک اچھے بولر کو وکٹ حاصل کرنے کے لیے اس کمزوری کی نشاندہی کرنا ضروری ہے۔
سچن ٹنڈولکر کی بیٹنگ کا ذکر کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر نے کہا کہ ان کی بہترین ٹائمنگ، غیرمعمولی نظر اور گیند کو جلد سمجھنے کی صلاحیت انہیں دوسرے بیٹرز سے ممتاز کرتی تھی۔ بریٹ لی کے مطابق، تقریباً 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے کے باوجود سچن کو جلد بازی میں مبتلا کرنا انتہائی مشکل تھا۔
بریٹ لی نے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کی ٹیم سڈنی سکسرز سے اپنی وابستگی کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ وہ رواں سیزن میں کسی نہ کسی حیثیت سے ٹیم کی مدد کر سکتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے کسی باضابطہ عہدے یا سرمایہ کاری کی تصدیق نہیں کی۔
سابق فاسٹ بولر اس وقت یو اے ای لاٹری کے چیف سیلیبریشن آفیسر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کرکٹ سے وابستہ رہنے کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔





