شارجہ (جانب منزل نیوز) پامیر پرائیویٹ اسکول شارجہ کی ایونٹس کوآرڈینیٹر امینہ اکرم کو شارجہ پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی (SPEA) کی اسکول ایکٹیویٹیز کونسل کی وائس چیئرپرسن منتخب کر لیا گیا۔ انہوں نے انتخاب میں حصہ لینے والے اراکین میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔
پامیر پرائیویٹ اسکول کی انتظامیہ نے امینہ اکرم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ نئی ذمہ داریوں میں مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے کونسل کے مقاصد کے حصول اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گی۔
اسکول انتظامیہ نے کونسل کے اراکین اور انتخابی عمل میں شریک امیدواروں کے تعاون کو بھی سراہا اور امینہ اکرم کے لیے مزید کامیابیوں اور روشن مستقبل کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پامیر پرائیویٹ اسکول، KIPS ایجوکیشن سسٹم پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک بین الاقوامی معیار کا تعلیمی ادارہ ہے، جہاں کے جی سے بارہویں جماعت تک تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ ادارہ فیڈرل بورڈ اسلام آباد سے ملحق ہے، جبکہ کے جی سے آٹھویں جماعت تک پاکستانی نصاب کے ساتھ ریاضی، انگریزی اور سائنس میں آکسفورڈ انٹرنیشنل نصاب بھی پڑھایا جاتا ہے۔
اسکول کو شارجہ پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے تعلیمی سال 2023–2024 اور 2025–2026 کے لیے ’’گڈ‘‘ (Good) ریٹنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی امتحان TIMSS میں بہتر کارکردگی پر بھی ادارے کو ایوارڈ سے نوازا گیا، جو متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کے لیے باعثِ فخر ہے۔
شارجہ کے علاقے الرحمانیہ میں واقع پامیر پرائیویٹ اسکول کی جانب سے امینہ اکرم کی کامیابی کو تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ اور اداروں کے درمیان تعاون کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔





