دبئی (جانبِ منزل نیوز) دبئی کا مشہور وائلڈ وادی واٹرپارک یکم نومبر 2026 سے نئے سیزن کے لیے دوبارہ کھل جائے گا، جہاں سیاحوں اور مقامی شہریوں کو پانی کی دلچسپ رائیڈز، تفریحی سرگرمیوں اور خاندانی سیر کے مواقع میسر آئیں گے۔
پارک میں مجموعی طور پر 30 رائیڈز اور تفریحی مقامات موجود ہیں۔ ایڈونچر کے شوقین افراد تیز رفتار ڈراپ کے لیے مشہور جمیرا سکیرہ اور سنسنی خیز موڑ والی ٹینٹرم ایلی سے لطف اندوز ہو سکیں گے، جبکہ برج سرج اور ویو پول بھی تفریح کا حصہ ہوں گے۔
وائلڈ وادی میں ہفتہ وار تعطیلات کے دوران لائیو انٹرٹینمنٹ اور بچوں سمیت خاندانوں کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ آئندہ ہفتوں میں بچوں کے عالمی ہفتے، موومبر اور تہواروں کے سیزن کے حوالے سے بھی خصوصی سرگرمیاں متعارف کرانے کی منصوبہ بندی ہے۔
پارک میں کھانے پینے کی سہولتوں کو بھی وسعت دی گئی ہے۔ نئے سرف اینڈ ٹاکوز آؤٹ لیٹ پر میکسیکن کھانے دستیاب ہوں گے، جبکہ سرفرز برگرز، فائرکرسٹ پیزا، دھاؤ اینڈ لیگون کچن اور ویو ویو کیفے سے برگرز، ہاٹ ڈاگز، پیزا، شوارما، سلاد اور دیگر ہلکی پھلکی اشیاء حاصل کی جا سکیں گی۔
وائلڈ وادی واٹرپارک کے ٹکٹ کی ابتدائی قیمت 149 درہم فی فرد ہے۔ یہ پارک دبئی کے علاقے جمیرا میں برج العرب کے قریب واقع ہے۔ زائرین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ روانگی سے قبل پارک کی آفیشل ویب سائٹ سے اوقاتِ کار اور دیگر تفصیلات کی تصدیق کر لیں۔





