قاہرہ (جانب منزل نیوز) مصر کے شہر اکتوبر گارڈنز میں سات آوارہ کتوں کے حملے میں 15 ماہ کی کمسن بچی جاں بحق ہوگئی، افسوسناک واقعے کے بعد شہریوں میں غم و غصہ پھیل گیا جبکہ حکام نے تحقیقات شروع کردیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلبیل نامی بچی اپنے گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ آوارہ کتوں کے جھنڈ نے اس پر حملہ کردیا۔ بچی کی والدہ نے اسے بچانے کی کوشش کی اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
واقعے کی تحقیقات کے دوران پراسیکیوٹرز نے بچی کی والدہ کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا اور پولیس کو حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ بچی کے والد محمد عثمان کو بھی مبینہ طور پر سرکاری اجازت کے بغیر تدفین کرنے کے معاملے میں مزید تحقیقات تک رہا کردیا گیا۔
بچی کو صوبہ فیوم میں سپرد خاک کردیا گیا۔ واقعے کے بعد مقامی رہائشیوں نے آبادی والے علاقوں میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے اور شہریوں، خصوصاً بچوں، کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی میڈیا میں شائع ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق مصر میں جنوری سے ستمبر 2025 کے دوران کتوں اور بلیوں کے کاٹنے کے تقریباً 12 لاکھ واقعات رپورٹ ہوئے۔ حکومتی اندازوں کے مطابق ملک میں آوارہ کتوں کی تعداد ایک کروڑ سے ایک کروڑ دس لاکھ کے درمیان ہے، جبکہ جانوروں کے کاٹنے کے علاج اور ویکسین پر 2025 میں تقریباً 1.7 ارب مصری پاؤنڈ خرچ ہوئے۔





