دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں سفر کو مزید آسان بنانے کے لیے اتحاد ریل نے سٹی میپر (Citymapper)، ویا (Via) اور یونائیٹڈ ٹرانس (United Trans) کے ساتھ نئی شراکت داری کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت مسافر ٹرین، میٹرو، بس اور دیگر ذرائع آمدورفت کو ملا کر اپنے سفر کی منصوبہ بندی ایک ہی جگہ پر کر سکیں گے۔
گلف نیوز کے مطابق اس اقدام کا مقصد مسافروں کو گھر سے منزل تک سفر کے مختلف مراحل کی منصوبہ بندی میں سہولت فراہم کرنا اور پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
سٹی میپر ایپ کے ذریعے مسافر اتحاد ریل کی ٹرین سروسز کو میٹرو، بس اور دیگر ٹرانسپورٹ آپشنز کے ساتھ ملا کر مختلف راستوں کا موازنہ کر سکیں گے۔ تاہم ٹرین کی بکنگ اور ٹکٹوں کے انتظام کے لیے اتحاد ریل کی ویب سائٹ اور ایپ استعمال کی جا سکے گی۔
اتحاد ریل کی مسافر سروسز کا باضابطہ آغاز 30 ستمبر 2026 کو ہوا تھا، جبکہ اس وقت نیٹ ورک ابوظبی، دبئی، الذید اور فجیرہ کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔ مسافر نیٹ ورک کی توسیع کے ساتھ مختلف علاقوں کو ریلوے اسٹیشنوں سے منسلک کرنا بھی اہمیت اختیار کر رہا ہے۔
اتحاد ریل موبیلٹی کی کمرشل اینڈ سپورٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر عذرا المنصوری کے مطابق مسافروں کو سفر کی منصوبہ بندی میں زیادہ سہولت اور اعتماد فراہم کرنا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراکت دار اداروں کے تعاون سے ٹرین کے سفر کے علاوہ دیگر ذرائع آمدورفت تک رسائی بھی آسان بنائی جا رہی ہے۔
یونائیٹڈ ٹرانس اور ویا کے نمائندوں نے بھی اس شراکت داری کو متحدہ عرب امارات میں مربوط، قابلِ رسائی اور آسان پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
اس منصوبے سے مسافروں کو مختلف سفری راستوں کے انتخاب، بہتر رابطوں اور منزل تک پہنچنے کی منصوبہ بندی میں سہولت ملنے کی توقع ہے۔





