لاہور (جانب منزل نیوز) سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 25.3 اوورز میں 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جبکہ سری لنکا نے 111 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 18 اوورز میں حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ حسن نواز نے 17، کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 15، عرفات منہاس نے 10 اور سلمان علی آغا نے 9 رنز بنائے۔ فخر زمان 5، معاذ صداقت 8، سعد بیگ 5 اور شاداب خان 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کے دلشان مدھوشنکا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 34 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سہان آراچیگے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسیتھا فرنینڈو، ایشان ملنگا اور دونیتھ ویلالاگے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں سری لنکا نے کامیندو مینڈس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔ کامیندو مینڈس 62 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ایوشکا فرنینڈو نے 16 رنز اسکور کیے۔
واضح رہے کہ پاکستان پہلے ہی سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔





