لاہور (جانب منزل نیوز) پی سی بی نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے قومی ویمنز ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ منیبہ علی ٹیم کی کپتان جبکہ عائشہ ظفر نائب کپتان ہوں گی۔
ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کی 12 کھلاڑیوں نے اسکواڈ میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ اعلان کردہ اسکواڈ میں ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، صدف شمس، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، نشرہ سندھو، مومنہ ریاست، طوبہ حسن، ام ہانی، وحیدہ اختر اور تسمیہ رباب شامل ہیں۔
دس ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 12 سے 25 نومبر تک متحدہ عرب امارات کی امارت عجمان میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان کو گروپ بی میں بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں ہر ٹیم چار میچز کھیلے گی۔ دونوں گروپس کی ٹاپ تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں جگہ بنائیں گی، جہاں ہر ٹیم مزید تین میچز کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 26 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ 7 سے 9 نومبر تک لاہور میں منعقد ہوگا۔





