دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ نے دنیا کی سب سے طویل 24 قیراط سونے کی گزرگاہ تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے، جسے آئندہ دو ماہ کے اندر عوام کے لیے کھولنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل 2026 کے اختتام سے قبل متوقع ہے۔
گلف ٹوڈے کے مطابق دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ کے کمرشل سیکٹر کے سینئر ڈائریکٹر راشد الحرمودی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد سیاحوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کرنا اور دبئی کی عالمی سطح پر سونے کی تجارت کے مرکز کی حیثیت کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
دیرہ میں واقع دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ کا آغاز جنوری 2026 میں ہوا تھا۔ یہ منصوبہ سونے، زیورات، بلین، تھوک تجارت اور سرمایہ کاری سے وابستہ کاروبار کو ایک ہی مقام پر یکجا کرتا ہے۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق ڈسٹرکٹ میں ایک ہزار سے زائد تاجر سرگرم ہیں، جن کا تعلق سونے، زیورات، پرفیوم، کاسمیٹکس اور طرزِ زندگی کی مصنوعات سمیت مختلف شعبوں سے ہے۔
نئی گزرگاہ دبئی کے سیاحتی تجربات میں ایک منفرد اضافہ ہوگی، جبکہ اس منصوبے سے شہر کی عالمی تجارتی شناخت اور سیاحوں کے لیے کشش میں مزید اضافہ متوقع ہے۔





