دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کی ممتاز شخصیت عزت مآب سہیل الزرعونی نے پاکستانی برادری کی محنت، جدوجہد اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے 12 پاکستانیوں کو خصوصی اعزازات سے نواز دیا۔ اس سلسلے میں دبئی میں ان کی نجی مجلس میں منعقدہ تقریب کا عنوان ’’جدوجہد سے استحکام تک‘‘ رکھا گیا، جس میں پاکستانی سفارتی نمائندوں، کاروباری شخصیات، سماجی رہنماؤں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب کا مقصد ان پاکستانیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے محدود وسائل اور مشکلات کے باوجود مسلسل محنت، ایمانداری اور ثابت قدمی سے کامیابیاں حاصل کیں، کاروبار قائم کیے اور دوسروں کے لیے روزگار اور ترقی کے مواقع پیدا کیے۔
تقریب میں قونصل جنرل پاکستان دبئی عزت مآب حسین محمد خان اور ویزا قونصلر ہارون چوہدری بھی شریک ہوئے۔ قونصل جنرل نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی برادری نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، کاروباری جذبے اور محنت کے ذریعے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ایسے اقدامات پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔
پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے سابق سینئر نائب چیئرمین سید سلیم اختر نے بھی سہیل الزرعونی کے اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی کامیابیوں کے پیچھے برسوں کی محنت، قربانیاں اور عزم شامل ہوتا ہے۔ ان افراد کی حوصلہ افزائی نوجوان نسل کو ایمانداری اور لگن سے آگے بڑھنے کا پیغام دیتی ہے۔
پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر خالد حسین چوہدری اور عامر حسن نے بھی اس اقدام کا خیرمقدم کیا۔ تقریب میں کاروباری، سماجی اور میڈیا شخصیات نے شرکت کرکے پاکستانی برادری کی کامیابیوں کو سراہا، جبکہ یاسر صدیقی نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔
تقریب کے دوران اعلان کیا گیا کہ K2 ٹی وی، الزرعونی ایوارڈز کے تحت منعقد ہونے والی آئندہ تقریبات کا میڈیا پارٹنر ہوگا، جس کے ذریعے پاکستانیوں کی کامیابیوں اور متاثر کن جدوجہد کی کہانیوں کو وسیع پیمانے پر اجاگر کیا جائے گا۔
اعزاز حاصل کرنے والوں میں علی رضا عبدالحکیم، سید زین شاہ، ملک شہزاد احمد، زرین تاج خان، حافظ مدثر، نوید احمد، بلال خان، محمد دانش، نعمان حفیظ، سید سلیم اختر، عامر حسن اور ڈاکٹر ظفر طاہر شامل ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لیے روایتی اماراتی انداز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ محنت، دیانت داری اور سماجی خدمات کے ذریعے نمایاں کردار ادا کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی احترام کو مزید فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔





