لاہور (جانب منزل نیوز) ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز کے سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے میں انگلینڈ کے خلاف تاریخی اور ناقابل شکست سنچری اسکور کر کے پاکستان کو یادگار فتح دلانے والے قومی آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ ان کا اصل ہدف بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں متوازن اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے
قذافی اسٹیڈیم میں میچ کے بعد پریس کانفرنس اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے اپنی شاندار اننگز کا کریڈٹ اپنے گھر والوں کو دیا ۔ انہوں نے کہا، "میں یہ سنچری اپنی فیملی کے نام کرتا ہوں۔ جب میں کریز پر موجود تھا تو مجھے کراؤڈ کی کوئی آواز نہیں آرہی تھی، اس وقت انسان ایک بالکل الگ زون میں ہوتا ہے جہاں صرف ہدف پر نظر ہوتی ہے۔"
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ایک سینئر کھلاڑی ہونے کے ناطے بیٹنگ نمبر ان کے لیے اہمیت نہیں رکھتا۔ "میرا مقصد یہ نہیں تھا کہ میں کس نمبر پر بیٹنگ کے لیے جا رہا ہوں، بلکہ خوشی اس بات کی ہے کہ میں ٹیم کے کام آسکا اور ایک اثر انگیز اننگز کھیلی۔
آسٹریلین بیٹر گلین میکسویل کی معروف اننگز سے موازنے پر گفتگو کرتے ہوئے شاداب نے کہا کہ میکسویل کی اننگز ورلڈ کپ کے عالمی اسٹیج پر تھی جبکہ یہ ایک سیریز کی اہم اننگز ہے۔ مستقبل کی منصوبہ بندی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ "ورلڈ کپ ابھی بہت دور ہے، اتنے آگے کا نہیں سوچتا۔ تاہم اگر قومی ٹیم میں انتخاب ہوتا ہے تو میری پہلی کوشش ہوگی کہ پاکستان کو عالمی چیمپئن بناؤں۔





