استنبول (جانب منزل نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے علاقائی کشیدگی میں کمی اور امن و استحکام کے فروغ کیلئے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔
ترکیہ کے شہر استنبول میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر پر مشتمل گروپ کے وزرائے خارجہ نے فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی، جس میں خلیجی خطے کی موجودہ صورتحال اور اس کے سماجی و معاشی اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں خطے کو درپیش امن و سلامتی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ان سے نمٹنے کیلئے سفارتی روابط اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اپنے ہم منصبوں کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی رابطوں اور ثالثی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا کہ علاقائی صورتحال پر مشاورت اور سفارتی تعاون کو مؤثر بنانے کیلئے اس نوعیت کے اجلاسوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس ترکیہ کی میزبانی میں استنبول میں منعقد ہوا، جس میں آٹھ ممالک کے وزرائے خارجہ نے علاقائی امور، امن و سلامتی اور سفارتی تعاون سے متعلق اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔





