اسلام آباد (جانب منزل نیوز) پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے پر مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس کے دوران پاکستانی زرعی مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور دوطرفہ تجارت و اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستانی زرعی مصنوعات، بالخصوص آم اور بلوچستان کی کھجور کی امریکی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ زرعی اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری، معدنیات اور تکنیکی تعاون کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔
سیکرٹری تجارت جواد پال کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے پر مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، تاہم معاہدے کی بعض تکنیکی شقوں پر مزید بات چیت درکار ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے تجارتی مذاکرات جاری رکھنے، منڈیوں تک رسائی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
تجارتی تعاون میں اضافے سے پاکستانی برآمدات کے فروغ، زرعی شعبے کے لیے نئے مواقع پیدا ہونے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔





