دبئی (جانب منزل نیوز) ڈرائیونگ سیکھی نہ امتحان دیا، لیکن لائسنس حاصل کرنے کا راستہ نکال لیا۔ دبئی پولیس نے جعلی ڈرائیونگ لائسنس کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان ایسے افراد کے لیے بیرونِ ملک ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کا انتظام کرتے تھے، جنہوں نے متعلقہ ملک کا سفر تک نہیں کیا تھا اور نہ ہی ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کی تھی یا لازمی امتحانات پاس کیے تھے۔ اس مبینہ کاروبار میں فی لائسنس 10 ہزار درہم وصول کیے جاتے تھے۔
حکام کے مطابق حاصل کیے گئے لائسنسوں کو بین الاقوامی معاہدوں کے تحت متحدہ عرب امارات کے ڈرائیونگ لائسنس میں تبدیل کرانے کی کوشش کی جاتی تھی۔ دبئی پولیس نے وزارتِ خارجہ اور روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے 8 ارکان کو گرفتار کیا۔
پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بغیر تربیت اور امتحانات کے ڈرائیونگ لائسنس دلوانے کے دعوے کرنے والے افراد اور کمپنیوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ محض لائسنس حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے، کیونکہ غیر تربیت یافتہ ڈرائیور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔





