لاہور (جانب منزل نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں اہم کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف کالعدم تنظیموں کے آٹھ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق صوبے بھر میں دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے انٹیلی جنس پر مبنی 91 آپریشنز کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران 91 مشتبہ افراد سے تفتیش کی گئی، جس کے نتیجے میں 8 خطرناک دہشت گردوں کو بارودی مواد، اسلحہ اور دیگر ممنوعہ اشیاء سمیت حراست میں لیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے دہشت گردوں میں شہزاد اکبر، محمود علی، نعمان، عدنان، فاروق، رحمان اور ہمایوں شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ان ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج اور دیگر کالعدم گروہوں سے ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق گوجرانوالہ، بہاولپور، چنیوٹ، راولپنڈی، بھکر اور سرگودھا سے ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ یہ عناصر صوبے کے مختلف حساس علاقوں میں تخریب کاری اور دہشت گردانہ کارروائیاں کر کے خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے، تاہم بر وقت اقدام سے ان کے شوم منصوبے خاک میں ملا دیے گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مختلف تھانوں میں 7 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور انہیں مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک کے دیگر عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے





