ریاض (جانب منزل نیوز) پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ایک بار پھر خبروں میں آگئے، سعودی پرو لیگ میں الریاض کے خلاف النصر کی تین صفر سے کامیابی کے دوران رونالڈو نے کیریئر کا 980واں گول اسکور کیا، تاہم اس گول پر سوشل میڈیا پر دلچسپ بحث چھڑ گئی۔
میچ کے 23ویں منٹ میں کنگسلے کومان کے شاٹ کو گول کیپر ولید عبداللہ نے روکنے کی کوشش کی، لیکن گیند واپس آنے پر رونالڈو نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اسے جال میں پہنچا دیا۔
گول کے بعد رونالڈو نے اپنے روایتی انداز میں ’سیووو‘ کا جشن منایا، تاہم فٹبال شائقین نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی سادیو مانے کا گول اپنے نام کرلیا۔
ویڈیو کے مطابق سادیو مانے آف سائیڈ پوزیشن میں دکھائی دے رہے تھے، جس کے باعث ان کی جانب سے گیند جال میں پہنچانے کی صورت میں گول مسترد ہونے کا امکان تھا۔
پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے کرسٹیانو رونالڈو کیریئر کے ایک ہزار گول مکمل کرنے کے تاریخی سنگ میل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔





