واشنگٹن (جانب منزل نیوز) ایمازون نے فائر ٹیبلٹس کی تیاری بند کرکے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے نئے الیکسا ٹیبلٹس متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا، نئی ڈیوائسز کی قیمتیں 229 ڈالر سے شروع ہوں گی۔
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایمازون نے اپنی ٹیبلٹ مصنوعات کی حکمت عملی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے فائر سیریز کی نئی ڈیوائسز تیار نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق مارکیٹ میں موجود فائر ٹیبلٹس کا اسٹاک ختم ہونے تک ان کی فروخت جاری رہے گی، جبکہ آخری یونٹس کی ترسیل کے بعد بھی صارفین کو چار سال تک سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔
بلومبرگ کو دیے گئے انٹرویو میں ایمازون کے کنزیومر الیکٹرانکس کے سربراہ پینوس پانے نے بتایا کہ فائر ٹیبلٹس صارفین کی توقعات پر پورا نہیں اتر رہے تھے، جس کے باعث کمپنی نے نئی مصنوعات اور ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا۔
ایمازون نے ابتدائی طور پر الیکسا ٹیبلٹس کے تین ماڈلز متعارف کرائے ہیں۔ الیکسا ٹیبلٹ 8 کی قیمت 229.99 ڈالر، الیکسا ٹیبلٹ 11 کی قیمت 329.99 ڈالر اور الیکسا ٹیبلٹ 12 پرو کی ابتدائی قیمت 499.99 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
کمپنی نے 12 پرو کا خصوصی نینومیٹ ورژن بھی پیش کیا ہے، جس میں اسکرین پر روشنی کے انعکاس کو کم کرنے کے لیے اضافی تہہ شامل کی گئی ہے۔ اس ماڈل کی قیمت 549.99 ڈالر سے شروع ہوگی۔
نئے ٹیبلٹس کی قیمتیں سابقہ فائر سیریز کے مقابلے میں زیادہ رکھی گئی ہیں۔ الیکسا 11 اور 12 پرو ماڈلز میں بڑے ڈسپلے اور ایلومینیم باڈی کے ذریعے انہیں پریمیم ڈیوائسز کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
نئی مصنوعات کی نمایاں خصوصیت آپریٹنگ سسٹم میں تبدیلی ہے۔ فائر ٹیبلٹس میں ایمازون کا تیار کردہ فائر او ایس استعمال ہوتا تھا، جو اینڈرائیڈ پر مبنی تھا، تاہم نئے الیکسا ٹیبلٹس میں مین اسٹریم اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم دیا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں صارفین کو گوگل پلے اسٹور تک رسائی اور ایپس کے وسیع انتخاب کی سہولت میسر ہوگی۔
ایمازون کے مطابق نئے ٹیبلٹس کی ترسیل 14 اکتوبر سے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں شروع ہوگی۔ کمپنی نے رواں موسم خزاں میں مزید ہارڈویئر مصنوعات متعارف کرانے کا عندیہ بھی دیا ہے، تاہم فی الحال ایمازون کے نام سے لیپ ٹاپ تیار کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔
ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایمازون کی اس تبدیلی کو اس کی ڈیوائسز کی نئی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت کمپنی زیادہ جدید ڈیزائن، نسبتاً مہنگی مصنوعات اور گوگل پلے اسٹور پر مشتمل ایپ ایکو سسٹم کے ذریعے صارفین کو متوجہ کرنے کی کوشش کرے گی۔





