میڈرڈ( جانب منزل نیوز) سپین میں سستے مکانات کی شدید قلت اور جائیدادوں کے بڑھتے ہوئے کرایوں نے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا۔ دارالحکومت میڈرڈ سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے، جبکہ ویلنسیا میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان پرتشدد جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق دارالحکومت میڈرڈ کی سڑکوں پر ستر ہزار سے زائد افراد نکل آئے، جن کا ایک ہی مطالبہ تھا۔ بے دخلیوں کا خاتمہ اور سستے رہائشی مکانات کی فوری فراہمی۔
دوسری جانب ویلنسیا کی فضا اس وقت کشیدہ ہو گئی جب مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید تصادم ہوا۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے بے دریغ آنسو گیس کا استعمال کیا اور ربڑ کی گولیاں برسا دیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت رہائشی بحران کا فوری اور یکمشت حل پیش کرے، وگرنہ مطالبات کی منظوری تک ملک گیر سطح پر مکمل ہڑتال کی جائے گی۔








