دبئی (جانب منزل نیوز)رواں سال کا سپر ال نینو دنیا بھر میں غیر معمولی گرمی کا باعث بن رہا ہے جس کے نتیجے میں فروری 2027ء تک دنیا بھر میں گرمی سے ہونے والی اموات میں تقریباً 4 لاکھ 51 ہزار کا اضافہ ہو سکتا ہے۔
عالمی تحقیقاتی ادارے کلائمیٹ امپیکٹ لیب کی رپورٹ کے مطابق سپر ال نینو کے باعث معمول کے مقابلے میں انتہائی گرم دنوں کی تعداد 44 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے۔
محققین نے 24,378 علاقوں کے درجۂ حرارت، مقامی موسمی حالات اور آبادی کی حساسیت کا جائزہ لے کر اموات کا تخمینہ لگایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سپر ال نینو کے سب سے زیادہ اثرات ترقی پذیر ممالک پر پڑ سکتے ہیں، نائجیریا میں تقریباً 31,400، انڈونیشیا میں 19,300 اور سوڈان میں 17,600 اضافی اموات کا خدشہ ہے جبکہ ساحلی خطے میں نائجیریا، نائجر، چاڈ اور سوڈان سمیت مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 66,800 اضافی اموات کا اندازہ لگایا گیا ہے۔








