کراچی (جانب منزل نیوز) پاکستانی ماڈل اور ڈیجیٹل کریئیٹر سلینہ سلیم، معروف اداکار سلیم شیخ کی صاحبزادی، اپنے منگیتر ابراہیم شیخ کے ساتھ نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں۔ نکاح کی تقریب آؤٹ ڈور اور نجی انداز میں منعقد ہوئی، جس میں اہلِ خانہ، قریبی دوستوں اور شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
سلینہ سلیم نے نکاح کے موقع پر سفید رنگ کا روایتی آرگنزا شرارہ زیب تن کیا، جس پر سلور ستارہ ورک کیا گیا تھا، جبکہ دوپٹے پر سنہری گوٹا کناری نے ان کے لباس کو مزید خوبصورت بنا دیا۔ دولہا ابراہیم شیخ سفید کُرتا پاجامہ اور ویس کوٹ میں نظر آئے۔
تقریب میں جاوید شیخ، بہروز سبزواری، مومل شیخ، صدف کنول اور شہروز سبزواری سمیت دیگر معروف شخصیات شریک ہوئیں۔
سلیم شیخ کی تین بیٹیاں ہیں، اس سے قبل وہ اپنی بیٹی نشمیہ کی شادی بھی کر چکے ہیں۔ سلینہ کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔





