لاہور (جانب منزل نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی ڈائریکٹ سائننگ کا مرحلہ مکمل ہوگیا، آسٹریلوی کرکٹر میتھیو شارٹ 9 کروڑ 15 لاکھ روپے کے معاہدے کے ساتھ سب سے مہنگے کھلاڑی رہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق لیگ کی 8 فرنچائزز میں سے 6 نے ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا۔ راولپنڈیز نے میتھیو شارٹ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لوکی فرگوسن، اسلام آباد یونائیٹڈ نے میٹ ہینری، لاہور قلندرز نے کامندو مینڈس، کراچی کنگز نے عادل رشید جبکہ ملتان سلطانز نے لانس مورس سے معاہدے کیے۔
ڈائریکٹ سائننگ میں میتھیو شارٹ 9 کروڑ 15 لاکھ روپے کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے، لوکی فرگوسن 7 کروڑ 63 لاکھ، میٹ ہینری 7 کروڑ 7 لاکھ، کامندو مینڈس 6 کروڑ 38 لاکھ، عادل رشید 6 کروڑ 20 لاکھ اور لانس مورس 5 کروڑ 50 لاکھ روپے میں سائن ہوئے۔
پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین نے ڈائریکٹ سائننگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں ٹیمیں ریٹینشن، ٹریڈ اور نیلامی کے ذریعے اپنے اسکواڈ مکمل کریں گی۔ پی ایس ایل 12 کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری 2027 کو ہوگی جبکہ ایونٹ کا افتتاحی میچ پشاور میں کھیلا جائے گا۔
کروڑوں کے معاہدوں، عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں اور نئے کرکٹ ستاروں کی آمد کے ساتھ پی ایس ایل 12 کے لیے شائقین کی دلچسپی ابھی سے بڑھنے لگی ہے۔





