دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی میں ایک نجی شادی کی تقریب اس وقت موسیقی اور خوشیوں سے بھرپور محفل میں تبدیل ہوگئی جب بھارتی ریپر یو یو ہنی سنگھ اور پاکستانی گلوکار عاطف اسلم ایک ساتھ ڈانس فلور پر نظر آئے۔ دونوں فنکاروں نے پاکستانی گلوکار ابرار الحق کے مشہور گانوں پر رقص کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔
تقریب میں دونوں گلوکار اپنے مشترکہ دوست کی شادی میں شریک تھے، جہاں موسیقی، خوشی اور دوستانہ ماحول نے محفل کو یادگار بنا دیا۔ ویڈیو میں ہنی سنگھ اور عاطف اسلم دلہا دلہن کے لیے خوشی کا اظہار کرتے، موسیقی سے لطف اندوز ہوتے اور ایک دوسرے کے ساتھ رقص کرتے دکھائی دیے۔
تقریب کے میزبان صادق سلیم نے تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے دونوں فنکاروں کی شرکت کو یادگار قرار دیا۔ ان کے مطابق ہنی سنگھ اپنی منفرد اسٹائل اور بھرپور توانائی کے ساتھ تقریب میں پہنچے، جبکہ عاطف اسلم کنسرٹ کی ریہرسل کے باوجود اپنا وعدہ نبھاتے ہوئے شادی میں شریک ہوئے۔
دبئی میں ہونے والی اس تقریب کے ڈانس لمحات نے مداحوں کو دونوں فنکاروں کا ایک خوشگوار اور بے تکلف انداز دکھایا، جہاں موسیقی نے سرحدوں سے بالاتر ہوکر سب کو ایک ہی رنگ میں رنگ دیا۔





