منی پور (جانب منزل نیوز) بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 11 افراد ہلاک اور 180 سے زائد افراد کو طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ یومنم کھیم چند سنگھ کے مطابق متاثرہ افراد نے مشتبہ ملاوٹ شدہ شراب استعمال کی، جس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ بیمار ہوگئے۔ حکام کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 11 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 180 سے زائد مریض دو اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
واقعے کی سنگینی کے پیش نظر وزیراعلیٰ نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث ذمہ داروں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
بھارت میں غیر قانونی شراب کے استعمال سے ہلاکتوں کے واقعات پہلے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ ایسی شراب میں بعض اوقات میتھانول شامل ہوتا ہے، جو انتہائی زہریلا صنعتی کیمیکل ہے اور انسانی جسم میں داخل ہونے پر بینائی متاثر کرنے، جگر کو نقصان پہنچانے اور موت کا سبب بن سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق رواں سال مئی میں مہاراشٹر کے علاقے پونے اور پمپری چنچواڑ میں میتھانول سے آلودہ شراب پینے کے باعث کم از کم 15 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ اگست میں گجرات کے ضلع بھاونگر میں بھی اسی نوعیت کے واقعے میں 13 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔





