ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے ذیابیطس کے شکار طلبہ کے تعلیمی سفر کو محفوظ اور آسان بنانے کے لیے اہم اقدامات متعارف کرا دیے ہیں۔ وزارتِ تعلیم کے نئے رہنما اصولوں کے تحت ایسے طلبہ کو امتحانات کے دوران موبائل فون، پانی اور ضروری خوراک ساتھ رکھنے کی خصوصی اجازت ہوگی، تاکہ طبی ضروریات ان کی تعلیمی کارکردگی میں رکاوٹ نہ بنیں۔
نومبر 2026 میں جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق طلبہ امتحانی ہال میں بلڈ گلوکوز مانیٹر اور شوگر سینسر سے منسلک موبائل فون استعمال کرسکیں گے۔ اگر امتحان کے دوران شوگر کم یا زیادہ ہوجائے تو امتحانی وقت عارضی طور پر روک دیا جائے گا اور ضائع ہونے والے وقت کا متبادل دیا جائے گا۔ طبی مسائل کے باعث کارکردگی متاثر ہونے پر دوبارہ امتحان کی اجازت بھی دی جاسکتی ہے۔
وزارت نے اسکولوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ طلبہ کے انسولین پمپس اور مسلسل گلوکوز مانیٹرنگ ڈیوائسز نہ اتاری جائیں اور نہ ہی ضبط کی جائیں۔ اساتذہ کو طبی آلات کے الرٹس پر فوری توجہ دینے اور اسکول نرسنگ اسٹاف کو مطلع کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔
کلاس رومز میں بھی ذیابیطس کے شکار بچوں کو خصوصی سہولیات حاصل ہوں گی۔ وہ کسی بھی وقت اپنا بلڈ شوگر لیول چیک کرسکیں گے، ضرورت کے مطابق کھانا اور پانی لے سکیں گے اور واش روم جانے کے لیے بار بار اجازت لینے کے پابند نہیں ہوں گے۔ طبی علاج کے باعث غیر حاضری پر انہیں سزا بھی نہیں دی جائے گی۔
نئے ضوابط کے تحت ہر طالب علم کے لیے معالج کی منظوری سے انفرادی ہیلتھ کیئر پلان تیار کیا جائے گا، جس میں شوگر کی سطح، انسولین کی خوراک، ہنگامی طبی اقدامات، کھانے پینے کی ضروریات اور والدین کے رابطہ نمبرز درج ہوں گے۔
وزارت نے اسکولوں کو کھیلوں اور تفریحی دوروں میں بھی ایسے بچوں کی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ جسمانی سرگرمی سے پہلے شوگر چیک کرنے، پانی اور فوری اثر کرنے والی میٹھی خوراک فراہم کرنے اور دوروں کے دوران تربیت یافتہ فرد کی موجودگی کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔
وزارتِ تعلیم کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ذیابیطس کے شکار طلبہ کو صحت کے تحفظ کے ساتھ تعلیم، کھیل اور دیگر اسکول سرگرمیوں میں مساوی مواقع فراہم کرنا اور ان کے اعتماد، عزتِ نفس اور نجی زندگی کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔





