دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے مصنوعی ذہانت کے میدان میں ایک اور نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے دبئی کے 20 سرکاری اداروں میں اےآئی کی 90 سے زائد ایپلی کیشنز فعال کردی ہیں۔ اس اقدام سے حکومتی خدمات کی فراہمی، انتظامی امور اور شہری سہولیات کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے۔
ڈیجیٹل دبئی اور دبئی فیوچر فاؤنڈیشن نے مشترکہ طور پر Dubai State of AI Report 2026 کا دوسرا ایڈیشن جاری کردیا ہے۔ رپورٹ کی رونمائی دبئی فیوچر ویک 2026 کے دوران منعقدہ AI ریٹریٹ میں کی گئی، جس کا مرکزی موضوع ’’اسکیلنگ ود ٹرسٹ‘‘ رکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دبئی اب مصنوعی ذہانت کے تجرباتی منصوبوں سے آگے بڑھ کر اسے حکومتی نظام کا مستقل حصہ بنا رہا ہے۔ مختلف سرکاری اداروں کے ڈیجیٹل نظام باہم مربوط کیے جارہے ہیں تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو ایک ہی مربوط پلیٹ فارم کے ذریعے آسان، تیز اور مؤثر خدمات میسر آسکیں۔
ڈیجیٹل دبئی کے ڈائریکٹر جنرل حمد عبید المنصوری کا کہنا ہے کہ دبئی کا مقصد صرف جدید ٹیکنالوجی اپنانا نہیں بلکہ حکومتی طریقہ کار کو نئے انداز میں تشکیل دینا اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
دبئی فیوچر فاؤنڈیشن کے سی ای او خلفان بیلہول کے مطابق مصنوعی ذہانت کی اصل کامیابی اس وقت ہے جب اس کی صلاحیتوں کو عوام اور معاشرے کے لیے حقیقی فوائد میں تبدیل کیا جائے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اے آئی کے وسیع استعمال کے ساتھ شفافیت، اعتماد، ذمہ دارانہ نگرانی اور انسانی فیصلوں کی اہمیت بھی برقرار رکھی جائے گی۔ اس میں سرکاری اداروں کے تجربات کے علاوہ نجی شعبے اور تعلیمی ماہرین کی آرا بھی شامل کی گئی ہیں۔
دبئی کا یہ اقدام مستقبل کے ایسے اسمارٹ حکومتی نظام کی بنیاد رکھ رہا ہے جہاں جدید ٹیکنالوجی کا مرکز صرف مشینیں نہیں بلکہ عوام کی ضروریات اور بہتر معیارِ زندگی ہوگا۔





