سلووینیا (جانب منزل نیوز) یورپ کے ملک سلووینیا میں واقع سِرکنیس جھیل (Lake Cerknica) دنیا کے منفرد قدرتی عجائبات میں شمار ہوتی ہے، جہاں ایک ہی مقام کبھی وسیع و عریض جھیل اور کبھی سرسبز چراگاہ بن جاتا ہے۔ قدرت کے اس حیرت انگیز مظہر نے اسے دنیا کی ’’غائب ہونے والی جھیل‘‘ کا لقب دے رکھا ہے۔
کارسٹ خطے میں واقع یہ جھیل سال کے کئی مہینوں تک پانی سے بھری رہتی ہے، جہاں سیاح کشتی رانی اور ماہی گیری سے لطف اندوز ہوتے ہیں، لیکن موسمِ گرما اور خشک دنوں میں اس کا پانی زیرِ زمین چونے کے پتھر کی قدرتی سرنگوں اور غاروں میں چلا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں جھیل دیکھتے ہی دیکھتے خشک میدان میں تبدیل ہو جاتی ہے۔
پانی خشک ہونے کے بعد یہی زمین کسانوں کے لیے زرخیز میدان بن جاتی ہے، جہاں فصلیں اگائی جاتی ہیں اور مویشی چرائے جاتے ہیں۔ پھر بارشوں اور برف پگھلنے کے موسم میں زیرِ زمین راستوں سے پانی دوبارہ سطح پر آتا ہے اور چند دنوں میں یہ میدان ایک بار پھر خوبصورت جھیل کا روپ دھار لیتا ہے۔
قدرت کا یہ منفرد نظام سلووینیا کی سِرکنیس جھیل کو دنیا کے حیران کن جغرافیائی عجائبات میں شامل کرتا ہے، جہاں زمین، پانی اور موسم مل کر ایک ایسا منظر تخلیق کرتے ہیں جو کسی جادو سے کم نہیں۔





