کراچی (جانب منزل نیوز) کراچی میں آن لائن جوئے اور سٹے کے خلاف بڑی کارروائی کے دوران اربوں روپے کی مشکوک مالی سرگرمیوں کا پردہ چاک ہوگیا۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر کے مطابق تحقیقات میں مشکوک بینک اکاؤنٹس کے ذریعے 240 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز سامنے آئی ہیں، جبکہ نیٹ ورک کی مجموعی مالی سرگرمیاں ایک ہزار ارب روپے تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران 70 لاکھ ڈالر مالیت کے یو ایس ڈی ٹی کرپٹو اثاثے اور ایک ارب روپے کے مالیاتی اثاثے منجمد کیے گئے، جبکہ گرفتار ملزم سے 73 لاکھ روپے نقد بھی برآمد ہوئے۔
تحقیقات میں 38 بینک اکاؤنٹس، 40 افراد اور 38 کمپنیوں کے ممکنہ روابط سامنے آئے ہیں۔ گرفتار ملزمان میں تین کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز اور دو ڈائریکٹرز بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق بیٹنگ ایپس کے ذریعے شہریوں کو ابتدا میں منافع کا لالچ دے کر جوئے کی طرف راغب کیا جاتا، بعدازاں مختلف بینک اکاؤنٹس اور کاروباری پروفائلز کے ذریعے رقوم کی منتقلی کی جاتی تھی۔





