اسلام آباد (جانب منزل نیوز) اسلام آباد میں پاکستان اور قطر کے درمیان سکیورٹی تعاون کے نئے امکانات روشن ہوگئے، داخلی سلامتی کے شعبے میں اشتراک اور باہمی روابط مضبوط بنانے کے لیے اہم معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔
تقریب وزیراعظم محمد شہباز شریف کی موجودگی میں منعقد ہوئی، جس میں قطر کے وزیر داخلہ و کمانڈر لخویہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی اور پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک کی سکیورٹی فورسز کے درمیان پیشہ ورانہ تجربات، مہارتوں اور معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا، جبکہ منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ ایکشن پلان بھی طے پایا ہے۔
اس پیش رفت کا مقصد پاکستان اور قطر کے درمیان داخلی سلامتی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینا اور باہمی سکیورٹی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔





