اسلام آباد (جانب منزل نیوز ) اسلام آباد میں پاکستان اور قطر کے درمیان سکیورٹی تعاون کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ قطر کے وزیر داخلہ و داخلی سلامتی فورس لخویہ کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور داخلی سلامتی کے شعبے میں تعاون کو نئی جہت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
مذاکرات میں پولیس آفیسرز ایکسچینج پروگرام کا دائرہ وسیع کرنے، قطر کی نیشنل سائبر سکیورٹی ایجنسی (NCSA) اور پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے درمیان تعاون بڑھانے اور دونوں وزارتوں کے مابین رابطہ کاری مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
قطر پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی میں جدید فائرنگ رینج کی تعمیر میں بھی تعاون کرے گا۔ محسن نقوی نے اس اقدام پر قطری ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستان اور قطر کے مشترکہ تعاون سے گزشتہ چار سال کے دوران منشیات کے 300 کیسز پکڑے گئے، جبکہ دونوں ممالک کی متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان مشترکہ آپریشنز اور معلومات کا تبادلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین کو منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال نہیں ہونے دینا چاہتا۔
قطر کے وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون مثالی ہے، جسے مزید مضبوط اور وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان اور قطر کے تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔





