آسٹریلیا (جانب منزل نیوز) طوطے جیسی مضبوط چونچ رکھنے والی یہ خوبصورت مچھلی رات کو سونے سے پہلے اپنے منہ کے غدود سے ایک خاص لیس دار مادہ خارج کرتی ہے، جس سے اپنے گرد شفاف ریشمی غبارہ یا حفاظتی خول تیار کر لیتی ہے۔
قدرتی حفاظتی غلاف مچھلی کی جسمانی بو کو پانی میں پھیلنے سے روکنے میں مدد دیتا ہے، جس کے باعث موری ایل (Moray Eels) جیسے خطرناک شکاریوں کے لیے اسے سونگھ کر تلاش کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ یہی نہیں، یہ غبارہ سمندری طفیلی جانداروں سے بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔
صبح ہوتے ہی طوطا مچھلی اپنا شفاف حفاظتی خول چھوڑ کر باہر نکل آتی ہے اور مرجانی چٹانوں پر موجود کائی اور الجی کھا کر سمندری ماحولیاتی نظام کا توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
قدرت کا یہ منفرد دفاعی نظام سمندری حیات کی حیرت انگیز دنیا کا ایک دلکش مظہر ہے۔





