یورپ (جانب منزل نیوز) قدرت کا ایسا ناقابلِ یقین شاہکار جہاں انسان ایک ہی وقت میں دو براعظموں کے درمیان کھڑا ہو سکتا ہے! یورپی ملک آئس لینڈ کے تھنگ ویلر نیشنل پارک (Thingvellir National Park) میں واقع سلفرا درز (Silfra Fissure) دنیا کے منفرد ترین قدرتی مقامات میں شمار ہوتی ہے، جہاں سیاح شمالی امریکہ اور یورپ کی ٹیکٹونک پلیٹوں کے درمیان کرسٹل کلیئر پانی میں تیراکی اور غوطہ خوری کا تجربہ کرتے ہیں۔
صدیوں کے دوران زلزلوں اور زمینی تبدیلیوں سے وجود میں آنے والی یہ گہری چٹانی درز دونوں براعظموں کی سرحد پر واقع ہے۔ یہاں غوطہ خور ایک ہی وقت میں دونوں ٹیکٹونک پلیٹوں کی چٹانوں کو چھو سکتے ہیں، جو مسلسل ایک دوسرے سے دور سرک رہی ہیں۔
سلفرا کی سب سے حیران کن خصوصیت اس کا غیر معمولی شفاف پانی ہے، جو قریبی گلیشیئر سے پگھل کر زیرِ زمین لاوا چٹانوں سے قدرتی طور پر فلٹر ہوتا ہوا یہاں پہنچتا ہے۔ پانی کی شفافیت اتنی زیادہ ہے کہ غوطہ خور تقریباً 100 میٹر تک دیکھ سکتے ہیں۔
سال بھر 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے باوجود زیرِ زمین پانی کے مسلسل بہاؤ کے باعث یہ درز مکمل طور پر نہیں جمتی، جبکہ سورج کی روشنی میں پانی کے گہرے نیلے رنگ کے دلکش مناظر سیاحوں کو مسحور کر دیتے ہیں۔
دو براعظموں کے درمیان تیراکی، شیشے جیسے شفاف پانی اور نیلے سمندر کا یہ منفرد امتزاج آئس لینڈ کو دنیا کے حیرت انگیز سیاحتی مقامات میں نمایاں مقام دیتا ہے۔





