کولمبیا (جانب منزل نیوز) جنوبی امریکی ملک کولمبیا کے گھنے برساتی جنگلات میں چھپا ’’سیوداد پردیدا‘‘ (Ciudad Perdida) یعنی گمشدہ شہر قدیم انسانی تہذیب کا ایسا حیرت انگیز شاہکار ہے جو صدیوں تک دنیا کی نظروں سے اوجھل رہا۔ تقریباً 800 عیسوی میں تائرونا تہذیب کے ہاتھوں آباد ہونے والا یہ شہر پیرو کے مشہور تاریخی مقام ماچو پیچو سے تقریباً 650 سال قدیم ہے۔
سیرا نیوادا ڈی سانتا مارتا کے پہاڑی سلسلے میں واقع اس تاریخی شہر کو 1970 کی دہائی میں دوبارہ دریافت کیا گیا۔ یہاں تک پہنچنے کا سفر بھی کسی مہم جوئی سے کم نہیں، جہاں سیاحوں کو گھنے جنگلات، ندی نالوں اور دشوار گزار پہاڑی راستوں سے گزرنے کے بعد تقریباً 1200 قدیم پتھریلی سیڑھیاں چڑھنا پڑتی ہیں۔
تائرونا تہذیب کے ماہر کاریگروں نے پہاڑوں کو تراش کر 169 سے زائد گول پتھریلے چبوترے تعمیر کیے تھے، جن پر لکڑی اور سرکنڈوں سے گھر بنائے گئے تھے۔ اس قدیم بستی کا نکاسی آب کا نظام بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، جو شدید بارشوں کے باوجود پانی کے بہاؤ کو منظم رکھنے میں مدد دیتا تھا۔
سولہویں صدی میں ہسپانوی آمد کے بعد یہ شہر خالی ہوگیا اور وقت گزرنے کے ساتھ گھنے جنگلات نے اسے اپنی آغوش میں لے لیا۔ آج بھی مقامی کوگی اور دیگر قبائل اسے مقدس مقام تصور کرتے ہیں۔ قدیم طرزِ تعمیر، دشوار گزار راستوں اور صدیوں پرانی تاریخ نے اس گمشدہ شہر کو دنیا کے منفرد تاریخی مقامات میں شامل کر دیا ہے۔





