ڈھاکا (جانب منزل نیوز) پاکستان اور بھارت کے درمیان فٹبال کا بڑا مقابلہ آخری لمحات میں ڈرامائی موڑ اختیار کرگیا، بھارتی ٹیم نے 88ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کرکے پاکستان سے فتح چھین لی اور ساف چیمپئن شپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ڈھاکا کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ پاکستان نے ابتدائی برتری حاصل کرکے بھارت کو دباؤ میں ڈال دیا، تاہم بھارتی کھلاڑی سہیل احمد بھٹ نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
میچ کے اختتامی لمحات میں سندیپ منڈی نے شاندار ہیڈر کے ذریعے 88ویں منٹ میں گیند جال میں پہنچا دی۔ ان کے اس فیصلہ کن گول نے بھارت کو 2-1 سے کامیابی دلادی اور پاکستانی ٹیم کی ٹائٹل جیتنے کی امیدیں ختم ہوگئیں۔
بھارت نے اس فتح کے ساتھ مسلسل تیسری مرتبہ ساف چیمپئن شپ جیت لی، جبکہ مجموعی طور پر دسویں بار ٹرافی اٹھانے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
پاکستان کے لیے فائنل تک رسائی ایک تاریخی سنگِ میل رہی، قومی ٹیم پہلی مرتبہ سینئر ساف چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچی، تاہم آخری لمحات میں ہونے والے گول نے ٹائٹل جیتنے کا خواب ادھورا چھوڑ دیا۔
واضح رہے کہ بھارت نے ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز بھی پاکستان کے خلاف 3-2 کی کامیابی سے کیا تھا، جبکہ سیمی فائنل میں بھوٹان کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔





