ممبئی (جانب منزل نیوز) بھارتی کرکٹ کے لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کی خدمات اور شاندار کیریئر کو منفرد انداز میں خراجِ تحسین پیش کردیا گیا۔ ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (MCA) نے شرد پوار کرکٹ میوزیم میں سچن ٹنڈولکر کے نام سے خصوصی سیکشن ’’بیٹوگرافی‘‘ کا افتتاح کردیا۔
اس منفرد نمائش میں سچن ٹنڈولکر کے کرکٹ کیریئر کے 25 یادگار بلے رکھے گئے ہیں، جو ان کے بچپن سے عالمی شہرت اور 100ویں بین الاقوامی سنچری تک کے ناقابلِ فراموش سفر کی عکاسی کرتے ہیں۔
تقریب میں سچن ٹنڈولکر کے ہمراہ ان کی اہلیہ انجلی، بیٹے ارجن، بیٹی سارہ اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔ سچن نے تاریخی بلوں کی نمائش کا جائزہ لیا اور اہلِ خانہ کے ساتھ یادگار لمحات گزارے۔
نمائش میں ان کا بچپن میں تحفے میں ملنے والا پہلا بلا، کشمیر سے لایا گیا یادگاری بلا اور 100ویں بین الاقوامی سنچری بنانے کے لیے استعمال ہونے والا بلا بھی شامل ہے۔
ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اجنکیا نائیک نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ایسوسی ایشن نے اس نمائش کو ممبئی کے ایک عام لڑکے کے عالمی کرکٹ کے عظیم ستارے بننے کے سفر کا شاندار خراجِ تحسین قرار دیا۔
واضح رہے کہ سچن ٹنڈولکر نے محض 15 سال کی عمر میں 1988 میں ممبئی کی جانب سے رنجی ٹرافی میں ڈیبیو کیا اور پہلے ہی میچ میں ناقابلِ شکست سنچری بنا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وہ 24 سال تک بھارتی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے رہے۔





