لاہور (جانب منزل نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رواداری، احترام اور برداشت ایک کامیاب اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہیں۔ پاکستان کو امن، رواداری اور بھائی چارے کی عملی مثال بنانا ہوگا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور پرتشدد تنازعات کے دور میں برداشت اور رواداری کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ معاشرے میں باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینا اور ایک دوسرے کے نظریات اور جذبات کا احترام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو بھی نوجوان نسل میں برداشت، احترام اور محبت کے اصول اجاگر کرنے چاہئیں۔ نبی پاک ﷺ کی زندگی رواداری اور بردباری کا بہترین نمونہ ہے، آپ ﷺ نے دشمنوں کے ساتھ بھی ہمیشہ رواداری کا مظاہرہ کیا۔ دین اسلام امن، محبت اور برداشت کا درس دیتا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ منفی رویے خاندانوں اور معاشروں کو تباہی کی طرف لے جاتے ہیں، عدم برداشت کے خاتمے کے لیے مثبت سوچ اور بہترین طرزِ عمل اپنانا ہوگا۔ معاشرے کے ہر طبقے کو تحمل اور برداشت کے رجحان کو پروان چڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معاشرے کو پرامن بنانے کے لیے رواداری کی راہ اختیار کرنا ہوگی اور ہر فرد کو ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا رویہ اپنانا ہوگا۔





