بالی (جانب منزل نیوز) آئی سی سی نے 2035 تک مینز کرکٹ کے بڑے عالمی ایونٹس کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔ منظور شدہ شیڈول میں ون ڈے ورلڈ کپ، ٹی 20 ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل شامل ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونے والے اجلاس کے بعد بورڈ نے آئندہ برسوں کے لیے بڑے کرکٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد کی منظوری دی۔
شیڈول کے مطابق عالمی کرکٹ ایونٹس کا آغاز 2028 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ سے ہوگا، جبکہ 2035 میں مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے ساتھ اس شیڈول کا اختتام ہوگا۔
دوسری جانب 2027 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 9 سے 13 جون تک انگلینڈ کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ دی اوول میں کھیلا جائے گا۔
2027 کا مینز کرکٹ ورلڈ کپ 7 اکتوبر سے 21 نومبر تک منعقد ہوگا، جس کی میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے۔
آئی سی سی کے اس فیصلے سے آئندہ تقریباً ایک دہائی کے عالمی کرکٹ مقابلوں کے انعقاد کا منصوبہ واضح ہوگیا ہے۔





