ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کی قیادت نے مستقبل کی ترقیاتی حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے اور قومی اہداف کے حصول کے لیے حکومتی اداروں کے درمیان اشتراکِ عمل مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان اور دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کے درمیان آٹھویں یو اے ای گورنمنٹ سالانہ اجلاسوں کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی قومی ترجیحات اور مستقبل کے ترقیاتی لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس امر پر خصوصی توجہ دی گئی کہ وفاقی اور مقامی حکومتی ادارے باہمی تعاون اور بہتر رابطہ کاری کے ذریعے قومی منصوبوں کو تیزی سے عملی شکل دیں، حکومتی خدمات کا معیار بلند کریں اور بدلتے ہوئے عالمی حالات میں متحدہ عرب امارات کی تیاری اور صلاحیت کو مزید مضبوط بنائیں۔
دونوں رہنماؤں نے شہریوں کی فلاح و بہبود، معیارِ زندگی میں بہتری اور ملک کی ترقیاتی کامیابیوں کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اداروں کے درمیان مؤثر تعاون مستقبل کے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور قومی اہداف کی تکمیل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ یو اے ای گورنمنٹ سالانہ میٹنگز قومی ترجیحات کو یکجا کرنے، حکومتی کارکردگی بہتر بنانے اور پائیدار ترقی کے سفر کو مضبوط بنانے کا اہم پلیٹ فارم ہیں۔ یہ کوششیں متحدہ عرب امارات کو عالمی مسابقت میں مزید آگے لے جانے اور یو اے ای سینچری 2071 کے وژن کی تکمیل میں معاون ثابت ہوں گی۔





