دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی میں ٹریفک کی روانی اور شہریوں کے سفر کو آسان بنانے کے لیے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا گیا، روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے دیرہ میں جدید الخلیج اسٹریٹ ٹنل ٹریفک کے لیے کھول دی، جس سے انفینٹی برج، دیرہ اور الممزر کے درمیان آمدورفت مزید تیز اور ہموار ہوگی۔
1 ہزار 650 میٹر طویل اس ٹنل میں دونوں اطراف تین تین لین تعمیر کی گئی ہیں، جبکہ اس کی مجموعی گنجائش فی گھنٹہ 12 ہزار گاڑیوں کی ہے۔ نیا راستہ مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ منصوبہ 13 کلومیٹر طویل الشندغہ کوریڈور کا حصہ ہے، جس کی تکمیل کے بعد 2030 تک سفر کا دورانیہ ایک گھنٹہ 44 منٹ سے کم ہوکر صرف 16 منٹ رہنے کی توقع ہے۔ منصوبے میں 15 اہم چوراہوں کی بہتری بھی شامل ہے۔
آر ٹی اے کے مطابق اس منصوبے سے تقریباً 10 لاکھ رہائشیوں اور سیاحوں کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ ابو ہیل، الوحیدہ، الممزر، دبئی آئی لینڈز اور دیگر اہم تجارتی و رہائشی علاقوں تک رسائی مزید آسان ہوجائے گی۔
ٹنل کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے 3 کروڑ 60 لاکھ موزیک ٹکڑوں سے تیار کردہ فن پارہ بھی نصب کیا جائے گا، جو دبئی کے تاریخی ورثے اور جدید تعمیراتی شناخت کی عکاسی کرے گا۔
منصوبے کی تعمیر کے دوران تقریباً 1 کروڑ 10 لاکھ ورکنگ آورز بغیر کسی حادثے کے مکمل کیے گئے، جبکہ کھدائی سے حاصل ہونے والے 77 فیصد مٹیریل کو دوبارہ استعمال کیا گیا۔





