دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں پاکستانی اور بھارتی کمیونٹیز کے درمیان سالانہ دوستانہ کرکٹ ٹورنامنٹ انڈیپینڈنس کپ سیزن 4 کا انعقاد کیا گیا، جس میں آخری اوور تک جاری رہنے والے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارتی ٹیم نے ہدف حاصل کرکے کامیابی سمیٹ لی۔
ٹاسک اسپورٹس (Task Sport) کے زیر اہتمام اور باب الوصل کرکٹ کلب (Bab Al Wasal Cricket Club) کے تعاون سے منعقد ہونے والا یہ ایونٹ مسلسل چوتھے سال بھی دونوں ممالک کے شہریوں کو کھیل کے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی روایت برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔
مقابلے کے دوران دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل اور بھرپور اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کیا۔ آخری اوور تک شائقین کی دھڑکنیں تیز رہیں، تاہم بھارتی ٹیم نے آخری اوور میں ہدف حاصل کرکے فتح اپنے نام کرلی۔
ایونٹ کا نمایاں پہلو یہ تھا کہ پاک بھارت کرکٹ مقابلے کو محض جیت اور ہار تک محدود رکھنے کے بجائے باہمی احترام، رواداری اور مثبت تعلقات کے فروغ کا ذریعہ بنایا گیا۔ کھلاڑیوں اور شائقین نے کھیل کے جذبے کے ساتھ امن اور بھائی چارے کا پیغام بھی دیا۔
تقریب کے دوران متحدہ عرب امارات کا قومی پرچم لہرا کر اماراتی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکا نے کہا کہ یو اے ای مختلف قومیتوں اور ثقافتوں کو ایک پُرامن معاشرے میں یکجا کرنے کی بہترین مثال ہے۔
ٹاسک اسپورٹس کے ترجمان کے مطابق انڈیپینڈنس کپ کا بنیادی مقصد کھیل کے ذریعے کمیونٹیز کو قریب لانا اور دوستی کے رشتوں کو مضبوط بنانا ہے۔ چار سال سے جاری یہ سلسلہ مختلف قومیتوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کی خوبصورت مثال بن چکا ہے۔





