شارجہ (جانب منزل نیوز) علم و ادب سے اپنی گہری وابستگی کے باعث دنیا بھر میں پہچان رکھنے والے حاکمِ شارجہ شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں اپنی نئی تاریخی تصنیف ’’الجَلَندی خالد بن سلطان القاسمی‘‘ پیش کر دی۔
اس موقع پر انہوں نے اپنی نئی کتاب پر دستخط بھی کیے۔ یہ تصنیف تاریخ، تحقیق اور علمی ورثے کے تحفظ کے حوالے سے ان کی مسلسل کاوشوں کا ایک اور اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔
شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں اس نئی کتاب کی پیشکش نے علمی و ادبی سرگرمیوں کو مزید اہمیت دی۔ یہ عالمی میلہ ہر سال دنیا بھر کے نامور مصنفین، محققین، دانشوروں اور کتاب دوستوں کو ایک چھت تلے جمع کرتا ہے، جہاں علم و فکر کے نئے دریچے کھلتے ہیں اور مختلف تہذیبوں کے درمیان ادبی روابط فروغ پاتے ہیں۔
حاکمِ شارجہ کی علمی خدمات اور تحقیقی تصانیف امارات کے تاریخی و ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے اور نئی نسل تک منتقل کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کی نئی کتاب بھی اسی روشن علمی روایت کا تسلسل ہے۔





