دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں یکم جنوری 2027 سے نئے وفاقی ٹریفک قوانین نافذ کیے جائیں گے، جن کے تحت ڈرائیور 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 9 گھنٹے سے زیادہ گاڑی نہیں چلا سکیں گے۔ نئے قوانین میں ڈرائیوروں کی تھکن، غنودگی، موبائل فون کے استعمال اور سڑکوں پر حفاظتی اقدامات سے متعلق سخت ضوابط متعارف کرائے گئے ہیں۔
کابینہ کے فیصلے نمبر 174 برائے 2026 کے تحت جاری کردہ نئے ضوابط میں واضح کیا گیا ہے کہ ڈرائیور ایسی تھکن یا غنودگی کی حالت میں گاڑی نہیں چلا سکیں گے جس سے محفوظ ڈرائیونگ متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔ یہ پابندی 9 گھنٹے کی مقررہ حد سے قطع نظر لاگو ہوگی۔
نئے قوانین کے تحت دوران ڈرائیونگ موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک آلات کا غیر قانونی استعمال ممنوع ہوگا۔ سفر شروع کرنے سے قبل گاڑی کی حفاظتی حالت اور فٹنس کا جائزہ لینا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ڈرائیور اور گاڑی میں موجود تمام مسافروں کے لیے اگلی اور پچھلی نشستوں پر سیٹ بیلٹ باندھنا ضروری ہوگا۔
نئے ٹریفک قوانین کے مطابق رہائشی علاقوں کی اندرونی سڑکوں پر زیادہ سے زیادہ رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔
اسکولوں، اسپتالوں اور پیدل چلنے والوں کے راستوں پر ڈرائیوروں کو خصوصی احتیاط کرنا ہوگی، جبکہ سڑک عبور کرنے والے پیدل افراد کو ترجیح دینا بھی لازمی ہوگا۔
نئے قوانین میں اوورٹیکنگ، ریورس اور سڑک پر گاڑی داخل کرنے کے حوالے سے واضح ہدایات دی گئی ہیں۔ ڈرائیوروں کو اوورٹیک کرنے والی گاڑیوں کے لیے محفوظ راستہ دینا اور سڑک میں داخل ہونے سے قبل اشارہ دینا ہوگا۔
موٹرویز پر غیر ضروری طور پر رکنے، ریورس کرنے اور ممنوعہ یو ٹرن لینے پر پابندی ہوگی۔
اسکول بسوں اور عوامی ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کو مسافروں کے اتارنے اور چڑھانے کے دوران راستہ دینا ہوگا۔ سائیکل سواروں کے لیے حفاظتی ہیلمٹ پہننا اور قطار میں چلنا لازمی ہوگا، جبکہ خطرناک انداز میں سائیکل چلانے پر پابندی ہوگی۔
پیشہ ور ڈرائیوروں کے لیے درست اجازت نامہ اور متعلقہ نظام میں اندراج لازمی ہوگا۔
موٹر سائیکل ڈیلیوری رائیڈرز دورانِ ڈیلیوری کسی دوسرے شخص کو ساتھ نہیں بٹھا سکیں گے، جبکہ سامان کی ترسیل کے لیے مخصوص منظور شدہ باکسز استعمال کرنا ہوں گے۔





