دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے پہلے ’’دبئی اِٹ ایوارڈز‘‘ کے 6 فاتحین کا اعلان کر دیا۔ ایوارڈز کے ذریعے کاروبار، رئیل اسٹیٹ، خدمات اور مہمان نوازی کے شعبوں میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کرنے والی شخصیات اور اداروں کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔
ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں امارات این بی ڈی، ڈی ایم سی سی کے ایگزیکٹو چیئرمین احمد بن سلیم، اومنیات گروپ کے بانی مہدی امجد، لگژری آن لائن ریٹیلر اوناس، ہیومنٹرا کے بانی چارلی رائٹ اور معروف شیف ایزو اینی شامل ہیں۔
امارات این بی ڈی کو بینکاری خدمات اور علاقائی ترقی میں نمایاں کردار پر اعزاز دیا گیا، جبکہ احمد بن سلیم کو دبئی میں ہیرے کی عالمی تجارت کے فروغ اور تجارتی مراکز کی ترقی پر سراہا گیا۔
مہدی امجد نے عالمی شہرت یافتہ معماروں کے ڈیزائن کو دبئی کی منفرد اور شاہکار عمارتوں میں ڈھال کر نمایاں مقام حاصل کیا۔ اوناس نے دبئی سے عالمی سطح پر لگژری آن لائن خریداری کے شعبے میں اپنی شناخت مستحکم کی۔
ہیومنٹرا کے بانی چارلی رائٹ نے دبئی میں الیکٹرولائٹ برانڈ متعارف کروا کر عالمی مارکیٹ تک وسعت دی، جبکہ شیف ایزو اینی کو 30 مہمان نوازی کے منصوبوں اور بین الاقوامی سطح پر اپنے کاروبار کی توسیع پر اعزاز سے نوازا گیا۔
شیخ حمدان نے کامیاب شخصیات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دبئی کا فلسفہ بلند عزائم کو تیز رفتار، مؤثر اور معیاری عملی کامیابیوں میں تبدیل کرنا ہے۔





