دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں خریداری کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری، معروف برطانوی ریٹیل برانڈ مارکس اینڈ اسپینسر (M&S) دبئی فیسٹیول سٹی میں برطانیہ سے باہر اپنا سب سے بڑا فوڈ ہال کھولنے جا رہا ہے۔ نیا اسٹور دسمبر 2026 میں صارفین کے لیے کھول دیا جائے گا، جہاں روزمرہ ضرورت سے لے کر خاص کھانوں تک وسیع اقسام کی اشیا ایک ہی مقام پر دستیاب ہوں گی۔
تقریباً 15 ہزار 327 مربع فٹ رقبے پر قائم اس فوڈ ہال میں ایم اینڈ ایس کی 3,500 سے زائد بنیادی مصنوعات کے ساتھ مقامی طور پر حاصل کی گئی 500 اشیا بھی رکھی جائیں گی۔ تازہ سبزیاں، پھل، گوشت، بیکری مصنوعات، گروسری اور تیار کھانوں سمیت خریداری کی وسیع سہولت فراہم کی جائے گی۔
نئے فوڈ ہال کی خاص بات یہ ہے کہ ایم اینڈ ایس کے تازہ پھول پہلی مرتبہ بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف ہوں گے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ کی پہلی ایم اینڈ ایس پیٹیسری بھی اسی اسٹور کا حصہ ہوگی۔
صارفین کے لیے فروٹ بُچر، سوشی کاؤنٹر، روٹیسیری چکن اسٹیشن، کافی شاپ اور پیزا اوون بھی قائم کیے جائیں گے۔ یوں خریدار صرف راشن ہی نہیں بلکہ تازہ تیار کھانوں اور مختلف ذائقوں سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔
اس منصوبے کے لیے 200 سے زائد برطانوی سپلائرز اور مقامی پیداواری اداروں کا تعاون حاصل ہوگا۔ کمپنی کے مطابق اس فوڈ ہال کا مقصد معیاری مصنوعات، تازہ خوراک اور سہولت کو ایک ہی جگہ جمع کرکے صارفین کو خریداری کا بہتر تجربہ فراہم کرنا ہے۔
الفتحیم گروپ کے صدر برائے ریٹیل وسیم عربی نے کہا کہ یہ فوڈ ہال متحدہ عرب امارات میں فوڈ ریٹیل کے شعبے میں ایک نیا معیار قائم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ ایم اینڈ ایس کے انٹرنیشنل منیجنگ ڈائریکٹر مارک لیمنگ کے مطابق وسیع رینج کے ذریعے برانڈ کو اماراتی صارفین کی روزمرہ زندگی کا مزید اہم حصہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
الفتحیم گروپ اور ایم اینڈ ایس کے درمیان فرنچائز معاہدہ 1997 میں طے پایا تھا، جبکہ دبئی میں پہلا اسٹور 1998 میں دیرہ کے مقام پر کھولا گیا۔ اس شراکت داری کو اب تقریباً تین دہائیاں مکمل ہونے جا رہی ہیں۔
دبئی فیسٹیول سٹی میں نیا فوڈ ہال اسی طویل تعاون کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے





