ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں ثقافتی ہم آہنگی اور دوستی کی خوبصورت مثال سامنے آگئی، جہاں بھارتی ساڑھی نے اماراتی خواتین اور مختلف ممالک کے سفارت کاروں کی بیگمات کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔
ابوظہبی میں جنرل ویمنز یونین کے ہیڈکوارٹر میں ’سکس یارڈز آف انڈیا: دی ساڑھی اسٹوری‘ کے عنوان سے منفرد ثقافتی تقریب منعقد ہوئی۔ جنرل ویمنز یونین نے بھارتی سفارت خانے، سفیروں کی بیگمات کے ڈپلومیٹک گروپ اور بھارتی کمیونٹی کے اشتراک سے اس تقریب کا اہتمام کیا۔
’مدر آف دی نیشن‘ شیخہ فاطمہ بنت مبارک کی ہدایات کے تحت منعقد ہونے والی تقریب کا مقصد مختلف ثقافتوں کو قریب لانا اور باہمی دوستی و ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
تقریب میں بھارتی ساڑھی کی ہزاروں سالہ تاریخ، روایتی اہمیت اور اسے پہننے کے مختلف انداز پیش کیے گئے۔ انڈین ویمن ان دبئی کی بانی ریما مہاجن نے عملی مظاہرے کے ذریعے خواتین کو ساڑھی پہننے کے منفرد طریقے سکھائے۔
بنارسی، کانچی پورم، میسور سلک، کیرالہ کاساوو، بندھنی اور بنگال کی تنت ساڑھیوں سمیت بھارتی ریاستوں کے روایتی ملبوسات نے تقریب کو رنگا رنگ ثقافتی میلے میں تبدیل کردیا۔
غیر ملکی خواتین نے خود ساڑھی پہن کر تصاویر بھی بنوائیں، جبکہ فیشن سیشن، کلاسیکل رقص بھرت ناٹیم، بھارتی دستکاری، ثقافتی فلموں اور روایتی کھانوں نے تقریب کی رونق دوبالا کردی۔
بھارتی سفیر ڈاکٹر دیپک متل کی اہلیہ ڈاکٹر الپنا متل نے تقریب کو ایک ہی مقام پر بھارتی ثقافت کے خوبصورت سفر سے تعبیر کیا۔ بھارتی سفارت خانے کے مطابق یہ تقریب مختلف ثقافتوں کے درمیان دوستی اور مشترکہ ورثے کو فروغ دینے کی ایک خوبصورت کوشش تھی۔





