دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی میں رہائش اختیار کرنے والے افراد کے لیے خوشخبری، اب کرایہ داری سے متعلق اہم معاملات نمٹانے کے لیے مختلف سرکاری پلیٹ فارمز پر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ دبئی ناؤ ایپ پر اجاری (Ejari) اور ڈیوا (DEWA) کی سہولتیں یکجا کر دی گئی ہیں۔
دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے متعارف کرائی گئی اپ گریڈڈ سروس کے تحت کرایہ دار اور مکان مالکان نئے کرایہ نامے کی رجسٹریشن، تجدید اور منسوخی سمیت دیگر ضروری کارروائیاں ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر مکمل کر سکیں گے۔
نئے کرایہ داری معاہدے کی منظوری کے بعد اجاری سرٹیفکیٹ فوری جاری کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی بجلی اور پانی کے کنکشن کے لیے ڈیوا سیکیورٹی ڈپازٹ کی ادائیگی بھی اسی عمل کے ذریعے ممکن ہوگی۔
ایپ سے پانچ بڑی سہولتیں حاصل کرسکتے ہیں
نئے کرایہ داری معاہدے کی رجسٹریشن
اجاری سرٹیفکیٹ کا فوری اجرا
موجودہ معاہدوں کی تجدید
کرایہ نامے کی منسوخی
ڈیوا سیکیورٹی ڈپازٹ کی ادائیگی
تمام معاملات یو اے ای پاس (UAE PASS) کے ذریعے محفوظ انداز میں مکمل کیے جا سکیں گے۔شہریوں کا وقت بچے گا، کاغذی کارروائی کم ہوگی
دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ نئی سہولت کا مقصد سرکاری خدمات کو شہریوں کے لیے زیادہ آسان اور تیز رفتار بنانا ہے۔ مختلف سروسز کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے سے وقت اور محنت دونوں کی بچت ہوگی۔
2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران دبئی میں تقریباً 32.2 ارب درہم مالیت کے کرایہ داری معاہدے ریکارڈ کیے گئے۔ اس عرصے میں ایک لاکھ 18 ہزار 385 نئے معاہدے جبکہ ایک لاکھ 35 ہزار 607 معاہدوں کی تجدید ہوئی۔
دبئی ناؤ ایپ پر نئی سہولت امارت کی ڈیجیٹل حکمت عملی اور سروسز 360 پالیسی کا حصہ ہے، جس کے تحت شہریوں کو مختلف سرکاری خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کرنے کا سلسلہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔





